
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے متعلق اہم فیصلہ سازی کے لیے اپنا ایگزیکٹو بورڈ اجلاس 8 دسمبر کو طے کر دیا ہے۔ جاری کردہ شیڈول کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق اس رقم میں سے ایک ارب ڈالر قرض پروگرام کے تحت ملیں گے، جبکہ 20 کروڑ ڈالر کلائمیٹ فنانسنگ کی مد میں جاری کیے جائیں گے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 14 اکتوبر کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا تھا، اور رپورٹوں کے مطابق پاکستان قرض قسط کے حصول کے لیے تمام طے شدہ شرائط پوری کر چکا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے اجلاس سے قبل کرپشن اینڈ گورننس ڈائیگناسٹک رپورٹ جاری کرنے کی شرط عائد کی گئی تھی، جو حکومت پاکستان نے مکمل کر دی ہے۔
یہ قسط موجودہ 37 ماہ کے قرض پروگرام کے تحت تیسری ادائیگی ہوگی۔ اس پروگرام کا آغاز ستمبر 2024 میں ہوا تھا، جبکہ پہلی قسط ستمبر 2024 اور دوسری قسط مئی 2025 میں فراہم کی گئی تھی۔








