یوٹیوب کی بڑی اپ ڈیٹ: تخلیق کاروں کے لیے کمانا ہوا مزید آسان

0
89
یوٹیوب کی بڑی اپ ڈیٹ: تخلیق کاروں کے لیے کمانا ہوا مزید آسان

یوٹیوب نے صارفین کے لیے آمدنی بڑھانے کے نئے ذرائع متعارف کرا دیے ہیں۔

نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب میں کمپنی نے اعلان کیا کہ اب صارفین برانڈ ڈیلز اور یوٹیوب شاپنگ پروگرام کے ذریعے زیادہ کمائی کرسکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ویڈیوز میں خودکار پراڈکٹ ٹیگز، ٹائم اسٹیمپس اور شارٹس کے لیے نیا برانڈ لنک فیچر شامل کیا جا رہا ہے۔

یوٹیوب نے مزید بتایا کہ برانڈ اسپانسرشپ کے لیے ایک نئی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جس کے تحت طویل ویڈیوز میں اسپانسرڈ مواد شامل کیا جا سکے گا۔ اس کے ساتھ یہ سہولت بھی ہوگی کہ اگر کوئی اسپانسر شپ ختم ہو جائے تو اس کی جگہ دوسرا برانڈ شامل کیا جا سکے۔ یہ فیچر اگلے سال محدود پیمانے پر آزمائشی طور پر دستیاب ہوگا۔

کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی سسٹم ویڈیوز میں خودکار طور پر بہترین لمحے پر پراڈکٹ ٹیگز شامل کرے گا۔ یہ سہولت رواں سال کے آخر تک صارفین کے لیے جاری کر دی جائے گی۔

شارٹس بنانے والے صارفین بھی جلد ہی اپنی ویڈیوز میں براہِ راست برانڈ لنکس شامل کر سکیں گے، جس سے ناظرین کے لیے پراڈکٹس دیکھنا اور خریدنا آسان ہوگا۔

مزید برآں یوٹیوب نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد برانڈز کو ایسے تخلیق کاروں سے جوڑنے میں سہولت فراہم کرے گا جو پارٹنرشپ کے لیے موزوں ہوں گے۔ اسی مقصد کے لیے گوگل ایڈز میں ایک نیا ٹیب بھی شامل کیا گیا ہے۔

کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ یوٹیوب شاپنگ پروگرام کو مزید ممالک، بشمول برازیل، میں توسیع دی جا رہی ہے۔ گزشتہ چار برسوں میں یوٹیوب نے تخلیق کاروں، فنکاروں اور میڈیا اداروں کو 100 ارب ڈالر سے زائد کی ادائیگی کی ہے۔

Leave a reply