گوگل کا نیا اینڈرائیڈ بیسڈ ڈیسک ٹاپ او ایس تیار، “ایلومینیم” پہلی جھلک 2026 میں متوقع

0
91
گوگل کا نیا اینڈرائیڈ بیسڈ ڈیسک ٹاپ او ایس تیار، "ایلومینیم" پہلی جھلک 2026 میں متوقع

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ اور کروم او ایس کو یکجا کرکے ایک نیا ڈیسک ٹاپ آپریٹنگ سسٹم تیار کیے جانے کی اطلاعات سامنے آگئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے لنکڈ اِن پر ’’سینیئر پراڈکٹ منیجر، اینڈرائیڈ لیپ ٹاپ اینڈ ٹیبلیٹس‘‘ کے عنوان سے ملازمت کا ایک اشتہار دیا، جو بعد میں ہٹا لیا گیا۔ اس اشتہار میں بتایا گیا تھا کہ نئی بھرتی ’’ایلومینیم‘‘ نامی اینڈرائیڈ پر مبنی او ایس پر کام کرے گی۔

اگرچہ یہ واضح نہیں کہ ’’ایلومینیم‘‘ حتمی نام ہے یا کوڈ نیم، مگر اشارہ ملتا ہے کہ گوگل اینڈرائیڈ کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے لیے مزید مؤثر شکل دینے پر کام کر رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ نیا سسٹم اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کرے گا اور لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور ڈیسک ٹاپ سمیت مختلف اقسام کی ڈیوائسز پر چل سکے گا۔

یہ پلیٹ فارم انٹری لیول سے لے کر پریمیئم ڈیوائسز تک، سب کے لیے دستیاب کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ ممکنہ طور پر یہ سسٹم مستقبل میں بتدریج کروم او ایس کی جگہ لے سکتا ہے، یا پھر کروم او ایس کو ہی نئے نام کے تحت پیش کیا جا سکتا ہے تاکہ کروم بک برانڈ برقرار رہے۔

نئے او ایس میں اینڈرائیڈ ایپس کی بہتر سپورٹ کے ساتھ لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ صارفین کے تجربات میں نمایاں بہتری متوقع ہے، جبکہ اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس بھی زیادہ بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق “ایلومینیم” کی ابتدائی جھلک 2026 میں پیش کیے جانے کی امید ہے، جبکہ مکمل ریلیز میں ایک سے دو سال کا اضافی وقت لگ سکتا ہے۔

Leave a reply