گوگل میپس میں جیمنائی اے آئی کی مدد سے 4 نئے فیچرز شامل

0
139
گوگل میپس میں جیمنائی اے آئی کی مدد سے 4 نئے فیچرز شامل

گوگل نے اپنی مقبول نیویگیشن سروس گوگل میپس میں بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرائی ہے جس میں جیمنائی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کو شامل کیا گیا ہے۔ اس اپ گریڈ کے تحت کمپنی نے چار نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں جن کا مقصد صارفین کو زیادہ آسان، محفوظ اور ذاتی نوعیت کا نیویگیشن تجربہ فراہم کرنا ہے۔

یہ فیچرز اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے جاری کیے جا رہے ہیں اور آئندہ چند ہفتوں میں دنیا بھر میں دستیاب ہوں گے۔

جیمنائی وائس اسسٹنٹ انٹیگریشن
اب صارفین اپنی آواز کے ذریعے گوگل میپس کو استعمال کرسکیں گے۔ یعنی راستہ معلوم کرنا، اسٹاپس شامل کرنا یا مقامات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے فون کو ہاتھ لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ جیمنائی ایک ذہین گفتگو کرنے والا اسسٹنٹ ہوگا جو آپ کے سوالات کے تسلسل میں جوابات دے سکے گا اور آپ کے سفر سے متعلق تجاویز بھی فراہم کرے گا۔

بہتر نیویگیشن رہنمائی
روایتی ہدایات جیسے “500 فٹ بعد دائیں مڑیں” کی جگہ اب جیمنائی علاقے کی اسٹریٹ ویو تصاویر کی مدد سے زیادہ واضح سمتیں فراہم کرے گا۔ یہ فیچر ابتدائی طور پر امریکا میں جاری کیا گیا ہے اور مستقبل میں دیگر ممالک تک توسیع کی جائے گی۔

ٹریفک الرٹس بغیر نیویگیشن کے
یہ نیا فیچر روزمرہ کے مختصر سفر کرنے والے صارفین کے لیے بنایا گیا ہے۔ اگر آپ نیویگیشن استعمال نہیں بھی کر رہے تو بھی گوگل میپس سڑکوں پر ٹریفک کی صورتحال اور ممکنہ تاخیر سے متعلق آپ کو خبردار کرے گا۔ فی الحال یہ فیچر امریکا میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

جیمنائی پر مبنی گوگل لینس
گوگل میپس میں اب ایک نیا کیمرا آئیکون شامل کیا گیا ہے جس کی مدد سے صارفین آس پاس کے ہوٹلوں، کیفے، دکانوں یا دیگر مقامات کی شناخت کرسکیں گے۔ کیمرہ منظر کی جانب رکھنے پر جیمنائی لینس ان جگہوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔ یہ فیچر فی الحال امریکا میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کیا گیا ہے۔

گوگل کے مطابق یہ اپ ڈیٹ میپس کے استعمال کو زیادہ فطری اور آسان بنانے کی سمت ایک بڑا قدم ہے، جہاں صارفین صرف اپنی آواز اور کیمرے کے ذریعے سفر سے متعلق ہر قسم کی معلومات حاصل کرسکیں گے۔

Leave a reply