پنجاب میں سیلاب: 4 ہزار دیہات متاثر، لاکھوں ایکڑ اراضی زیر آب

پنجاب میں شدید بارشوں اور دریاؤں میں پانی کی بلند سطح کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اب تک 4 ہزار دیہات سیلاب کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ 13 لاکھ ایکڑ زرعی زمین زیر آب آ چکی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ گجرات میں جاری بارشوں کے باعث ریسکیو آپریشنز میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بارشیں غیر معمولی نہیں بلکہ گزشتہ کئی اسپیلز سے مسلسل ہو رہی ہیں، جن میں 300 سے 400 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹے ملتان کے لیے نہایت اہم ہیں کیونکہ دریائے چناب، جہلم اور سندھ میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ خانکی کے مقام پر ساڑھے 10 لاکھ کیوسک کا ریلا گزر چکا ہے، جس سے متعدد علاقوں میں ریلوے ٹریک کا نظام متاثر ہوا ہے۔
ڈی جی کے مطابق انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی بھی بند کو توڑنے کا فیصلہ صرف تکنیکی جائزے کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال ماضی کے کسی بھی سیلابی ریکارڈ سے بڑھ کر ہے۔









