
کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے سال کے دوسرے دن بھی مثبت رجحان برقرار رہا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے باعث مارکیٹ میں مضبوط تیزی دیکھنے میں آئی۔
کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ کا آغاز خوشگوار انداز میں ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ایک لاکھ 79 ہزار کی سطح سے اوپر چلا گیا۔ دورانِ ٹریڈنگ ایک موقع پر انڈیکس میں 2600 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور انڈیکس 179 ہزار سے تجاوز کر گیا۔
پہلے سیشن کے اختتام پر انڈیکس بڑھ کر تقریباً 178 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ دن بھر مارکیٹ میں بھرپور سرگرمی رہی اور مجموعی طور پر 57 کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا، جس کی مالیت 32 ارب روپے سے زیادہ رہی۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق سرمایہ کاروں کی دلچسپی اور معاشی اشاریوں میں بہتری نے اسٹاک مارکیٹ کو سہارا دیا ہے۔









