
ممبئی میں بالی وڈ کی معروف رقاصہ اور اداکارہ نورا فتیحی ایک سڑک حادثے میں زخمی ہو گئیں، جب ایک مبینہ طور پر نشے میں دھت ڈرائیور نے ان کی گاڑی کو ٹکر مار دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا، جب نورا فتیحی امریکی ڈی جے ڈیوڈ گیٹا کے کنسرٹ میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں۔ حادثے کے باعث ان کی گاڑی کو خاصا نقصان پہنچا، جس کے بعد فوراً انہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں ڈاکٹروں نے احتیاطی طور پر سی ٹی اسکین کیا، جس میں کسی اندرونی چوٹ یا خون بہنے کی تصدیق نہیں ہوئی۔ تاہم طبی معائنے کے بعد بتایا گیا کہ ٹکر کے اثر سے نورا کو ہلکا سا دماغی جھٹکا ضرور لگا ہے۔
ڈاکٹروں نے اداکارہ کو آرام کا مشورہ دیا، لیکن اس کے باوجود نورا فتیحی نے اپنی طے شدہ پرفارمنس منسوخ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کنسرٹ میں شرکت کی۔
حادثے کے بعد نورا کی گاڑی کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جن میں واضح طور پر ٹکر کے نشانات دیکھے جا سکتے ہیں، جبکہ مداح اداکارہ کی خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔









