
ملک کے مختلف شہروں میں اسموگ کی بڑھتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں اسموگ میں اضافہ متوقع ہے۔ اسی طرح راولپنڈی، اسلام آباد، کے پی کے کے متعدد علاقے اور سندھ کے بالائی حصے بھی دھند سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، اور لوگوں سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی تمام ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔









