پاکستان میں سیاست کا نازک موڑ: سزا یا نیا بیانیہ؟

پاکستان میں سیاست کا نازک موڑ: سزا یا نیا بیانیہ؟

تحریر:وقار احمد

پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو صرف اقتدار تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ایک مکمل سیاسی دور کی نمائندگی کرتی ہیں۔ عمران خان بھی انہی میں شامل ہیں، جن کا کرکٹ کے میدان سے سیاست تک کا سفر، عوامی مقبولیت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات نے انہیں ایک منفرد سیاسی مقام دیا۔

عمران خان نے سیاست میں قدم اس وقت رکھا جب عوام خاص طور پر نوجوان روایتی سیاست اور بدعنوانی سے بیزار تھے۔ تحریک انصاف نے احتساب، شفافیت اور خودداری کے نعرے کے تحت خود کو ایک متبادل کے طور پر پیش کیا۔ 2018 کے انتخابات میں ان کی کامیابی نہ صرف انتخابی فتح تھی بلکہ ایک نئے سیاسی بیانیے کی علامت بھی۔

ابتدائی برسوں میں عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ہموار دکھائی دیتے تھے، تاہم 2021 کے بعد یہ تعلقات بگڑنے لگے۔ خصوصاً ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری اور 2022 میں عدم اعتماد کی تحریک کے بعد عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کے خلاف کھلے انداز میں سوالات اٹھائے، جس نے انہیں ایک مزاحمتی سیاسی کردار کے طور پر پیش کیا۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سعودی عرب کے دورے کے دوران ملنے والے قیمتی تحائف کو درست طریقے سے جمع نہ کروانے پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے تحائف کی اصل قیمت کروڑوں روپے قرار دی اور کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ فیصلے میں عمر کا حوالہ دیتے ہوئے سزا میں نرمی بھی کی گئی، جس پر قانونی اور صحافتی حلقوں میں بحث جاری ہے۔

حکومت نے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیا، جبکہ تحریک انصاف اسے سیاسی دباؤ اور انتقام قرار دے رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر ردعمل شدید اور منقسم ہے، کچھ عمران خان کو سیاست سے باہر کرنے کی کوشش سمجھتے ہیں، اور کچھ کہتے ہیں کہ احتساب سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔
تاریخ بتاتی ہے کہ پاکستان میں جیلیں بعض اوقات سیاستدانوں کو کمزور کرنے کے بجائے انہیں علامت بنا دیتی ہیں۔ عمران خان کی طویل قید ممکنہ طور پر انہیں عملی سیاست سے دور رکھ سکتی ہے، لیکن ان کے بیانیے کی مقبولیت اور شدت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

تحریک انصاف اس وقت قیادت اور تنظیمی دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔ پارٹی عمران خان کے بغیر موثر سیاست کر پائے گی یا نہیں، یہ ایک بڑا سوال ہے۔ اگر پارٹی عمران خان کو ایک نظریے کے طور پر پیش کرنے میں کامیاب ہو گئی تو سیاسی اثر برقرار رہ سکتا ہے۔

عمران خان کی سزا نے موجودہ سیاسی پولرائزیشن کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ریاستی اداروں اور حکومت کا بیانیہ ایک طرف، اور عوامی مقبولیت کے حامل ایک سیاسی جماعت دوسری طرف کھڑی ہے۔ یہ صورتحال جمہوری عمل، عدلیہ اور سیاسی استحکام کے لیے ایک امتحان ہے۔
توشہ خانہ ٹو کیس محض قانونی معاملہ نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی سمت پر اثر انداز ہونے والا واقعہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ آیا عمران خان کی سیاست کا یہ اختتام ہے یا ایک نئے سیاسی مرحلے کی ابتدا۔

Leave a reply