
اسلام آباد: بحیرہ احمر میں حوثی گروپ کی جانب سے جاری بحری ناکہ بندی کے باوجود پاکستان کے دو تیل بردار جہاز سعودی عرب سے خام تیل لے کر باب المندب آبنائے اور بحیرہ احمر سے بحفاظت گزرنے میں کامیاب ہوگئے۔
بین الاقوامی بحری نقل و حمل پر نظر رکھنے والے ادارے کے مطابق، افرامیکس کلاس کے دونوں پاکستانی جہاز سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ سے خام تیل لوڈ کرنے کے بعد اپنا ٹریکنگ سسٹم فعال رکھتے ہوئے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے اور بغیر کسی رکاوٹ کے بحیرہ احمر عبور کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق، 20 جولائی کو حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب سے منسلک جہاز رانی پر پابندی کے اعلان کے بعد متعدد تیل بردار جہازوں نے متبادل راستے اختیار کیے، جبکہ بعض کو حملوں کے خدشات کا سامنا بھی رہا۔ ایسے حالات میں پاکستانی جہازوں کا محفوظ سفر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں پاکستان کی وزارتِ خارجہ نے واضح کیا تھا کہ پاکستانی پرچم بردار بحری جہاز پر کسی بھی حملے کو ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ تصور کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق دونوں جہازوں کا محفوظ گزرنا نہ صرف پاکستان کی توانائی سپلائی کے تسلسل بلکہ خطے میں بحری تجارت اور تجارتی راستوں کے تحفظ کے لیے بھی مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔









