جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائی، زیرِ زمین سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ

0
23
جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائی، زیرِ زمین سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ

جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائی، زیرِ زمین سرنگ تباہ کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں ایک نئی فوجی کارروائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ سے منسلک ایک زیرِ زمین عسکری سرنگ کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر کے مطابق کارروائی جنوبی لبنان کے ایک گاؤں میں کی گئی، جہاں تقریباً 200 میٹر طویل زیرِ زمین سرنگ کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سرنگ عسکری مقاصد کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس آپریشن سے قبل امریکا کو بھی کارروائی کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔ اسرائیل نے اس اقدام کو سیکیورٹی خدشات کے تناظر میں ضروری قرار دیا ہے۔

دوسری جانب خبر لکھے جانے تک لبنان یا حزب اللہ کی جانب سے اس کارروائی پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حال ہی میں امریکا کی ثالثی میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان 14 نکاتی فریم ورک معاہدہ طے پایا، جس کا مقصد سرحدی کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی راہ ہموار کرنا بتایا گیا تھا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امید ظاہر کی تھی کہ یہ فریم ورک خطے میں امن اور استحکام کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ لبنانی نمائندوں نے اسے ملکی خودمختاری کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا تھا۔

تاہم جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائی کے بعد اس معاہدے کے مستقبل اور خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر نئے سوالات جنم لینے لگے ہیں۔

Leave a reply