
اسلام آباد: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے دائرہ کار میں توسیع کرتے ہوئے 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ معاملہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں زیرِ بحث آیا، جہاں کمیٹی کے رکن بلال مندوخیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بی آئی ایس پی میں غیر شادی شدہ خواتین کی مناسب نمائندگی نہیں ہے، حالانکہ معاشی مشکلات کا سامنا کرنے والی ایسی خواتین بھی حکومتی معاونت کی مستحق ہیں۔
اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ بعض غیر شادی شدہ خواتین ایسی ہیں جن کا کوئی کفیل موجود نہیں ہوتا، اس لیے انہیں سماجی تحفظ کے پروگراموں میں ترجیح دی جانی چاہیے۔
اس موقع پر بی آئی ایس پی حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 35 سال سے زائد عمر کی غیر شادی شدہ خواتین کو پروگرام میں شامل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مستحق خواتین کو مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد سماجی تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر اور جامع بنانا ہے، تاکہ معاشی طور پر کمزور طبقات تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔









