
آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے لیے تقریباً 1 ہزار 126 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
معاشی منصوبہ بندی کے تحت ملک کی شرحِ نمو (جی ڈی پی گروتھ) کا ہدف 4 فیصد رکھنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، جس پر آئندہ بجٹ سازی میں غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے سالانہ پلان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت پیر کو منعقد ہوگا، جس میں اگلے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی وزارتوں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تجاویز پیش کریں گے۔
کمیٹی کی سفارشات کو بعد ازاں قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا، جو 3 جون کو وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں متوقع ہے۔ اس اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی سمت اور ترقیاتی ترجیحات سے متعلق اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔









