
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستانی وفد نے تہران میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، جس میں دیگر ایرانی حکام بھی شریک ہوئے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لیے تعاون اور مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران آمد پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کا عزم مشترکہ اور مضبوط ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد تہران میں موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق، وفد کی آمد پر ایرانی حکام نے پرتپاک استقبال کیا، جبکہ علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔









