شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں تیزی، نئی تنصیبات اور سرگرمیوں میں اضافہ — آئی اے ای اے

0
14
شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں تیزی، نئی تنصیبات اور سرگرمیوں میں اضافہ — آئی اے ای اے

اقوام متحدہ کے جوہری نگرانی کے ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری پروگرام کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے اور مختلف تنصیبات پر سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے جنوبی کوریا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یونگبیون جوہری مرکز سمیت متعدد مقامات پر سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ ان کے مطابق 5 میگاواٹ ری ایکٹر، ری پروسیسنگ یونٹ اور لائٹ واٹر ری ایکٹر میں مسلسل فعالیت جاری ہے، جو اس بات کی علامت ہے کہ جوہری صلاحیت کو مزید آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا میں ایک نئی ایسی تنصیب کے آثار ملے ہیں جو یورینیم افزودگی کے لیے استعمال ہونے والے نظام سے مشابہت رکھتی ہے۔ ایک امریکی تحقیقی ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس نئی تنصیب کی تعمیر تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔
رافیل گروسی نے اندازہ ظاہر کیا کہ شمالی کوریا کے پاس ممکنہ طور پر چند درجن جوہری ہتھیار موجود ہیں، تاہم موجودہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ تعداد مستقبل میں بڑھ سکتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت کوئی ثبوت موجود نہیں کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں روسی ٹیکنالوجی استعمال ہو رہی ہے، تاہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
اسی دوران آئی اے ای اے کے سربراہ نے جنوبی کوریا کے نیوکلیئر آبدوز پروگرام پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں میں استعمال ہونے والا جوہری ایندھن طویل عرصے تک مکمل نگرانی سے باہر رہ سکتا ہے، اس لیے اس بات کو یقینی بنانا ضروری ہے کہ اس سے جوہری پھیلاؤ کا خطرہ پیدا نہ ہو۔

Leave a reply