وزیراعظم شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

0
54
وزیراعظم شہباز شریف اور مسعود پزشکیان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ایک طویل ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی صورتحال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس گفتگو میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، سیکیورٹی صورتحال اور جاری تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر حالیہ حملوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شہری آبادی اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے عمل کی مذمت کی۔
انہوں نے مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا اور حالیہ واقعات میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کوششوں اور مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کا پائیدار حل ممکن ہے، اور پاکستان اس حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کے دوران کہا کہ خطے میں تنازعات کے حل کے لیے اعتماد سازی، مکالمہ اور ثالثی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بات چیت کے ذریعے صورتحال میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے رابطے اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

Leave a reply