اسلام آباد: پیٹرول پمپ مالکان کی ممکنہ ملک گیر بندش کی وارننگ

0
60
اسلام آباد: پیٹرول پمپ مالکان کی ممکنہ ملک گیر بندش کی وارننگ

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مسائل حل نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کیے جا سکتے ہیں، جس سے ایندھن کا سنگین بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک سے فوری ملاقات کے لیے ایک بار پھر مراسلہ ارسال کیا ہے۔ اس سے قبل 6 مارچ کو بھی رابطہ کیا گیا تھا تاہم کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
بیان کے مطابق پیٹرولیم سیکٹر کو اس وقت آپریشنل مشکلات، مالی دباؤ، قیمتوں میں عدم استحکام اور اچانک پالیسی تبدیلیوں جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پالیسی سازی کے عمل میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ضروری ہے۔
پیٹرول پمپ مالکان کی تنظیم کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تقریباً 14 سے 15 ہزار پیٹرول پمپ مالکان ان مسائل سے متاثر ہیں اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر مطالبات پر توجہ نہ دی گئی تو وہ ملک گیر سطح پر پمپس بند کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی صورت میں کسی بھی ممکنہ ایندھن بحران کی ذمہ داری متعلقہ وزارت پر عائد ہوگی۔

Leave a reply