
سترہ برس بعد لاہور ایک مرتبہ پھر بسنت کے دلکش رنگوں میں نہا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مقرر کردہ حفاظتی اصولوں کے تحت تاریخی پتنگ بازی کے تہوار کی بحالی نے شہر بھر میں خوشی اور جوش کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔ تین روزہ بسنت میلے میں نہ صرف لاہور کے باسی بلکہ ملک کے دیگر حصوں سے آئے افراد نے بھی بھرپور شرکت کی۔
شہر کی پرانی گلیوں، جدید رہائشی علاقوں اور کھلے میدانوں میں رنگ برنگی پتنگوں نے آسمان کو حسین منظر میں بدل دیا۔ موسیقی، آتش بازی اور قہقہوں سے فضا خوشگوار ہو گئی، جبکہ نوجوانوں کی بڑی تعداد پہلی مرتبہ بسنت کی اصل رونق سے لطف اندوز ہوتی دکھائی دی۔
بسنت کی خوشیوں میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ شخصیات اور سوشل میڈیا اسٹارز بھی پیش پیش رہے۔ مزاحیہ گلوکاری کے لیے جانے جانے والے چاہت فتح علی خان بسنت منانے لاہور پہنچے، جہاں انہوں نے پتنگ کے ساتھ رقص کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ اس موقع پر شہریوں نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
بسنت کے موقع پر چاہت فتح علی خان نے اپنا نیا گانا ’’بندے باریاں ہیں‘‘ بھی ریلیز کیا، جسے سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل ملا۔ بعض صارفین نے اسے دلچسپ تفریح قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے معروف گلوکارہ حدیقہ کیانی کے گانے سے مشابہت پر تنقید کا نشانہ بنایا۔
اداکار عمران اشرف اور اسامہ خان بھی اپنی چھتوں پر پتنگ بازی کرتے نظر آئے، جن کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئیں۔ اداکارہ فضا علی نے بسنت کے رنگوں میں سجی تصاویر شیئر کیں، جبکہ قومی کرکٹر حسن علی بھی اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ تہوار سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دیے۔
اداکارہ عائزہ خان نے بھی بسنت کے موقع پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں بتایا کہ وہ پتنگ نہیں اُڑا سکیں، اس لیے فوٹو شوٹ پر ہی اکتفا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے عوام کو پیغام دیا کہ خوشیاں مناتے وقت انسانی جان، جانوروں اور ماحول کا خیال رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
بسنت مناتے ہوئے پاکستانی سیلیبریٹیز کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل رہی ہیں، جنہیں دیکھ کر مداح بھی اس ثقافتی تہوار کی واپسی پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔









