8 فروری: پی ٹی آئی کی ملک گیر پرامن مزاحمت کا دن

0
86
8 فروری: پی ٹی آئی کی ملک گیر پرامن مزاحمت کا دن

پاکستان تحریکِ انصاف کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں 8 فروری کو ملک بھر میں پرامن ہڑتال اور احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے۔
جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتِ حال، سیکیورٹی چیلنجز اور صوبائی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور شہدا کے لواحقین سے یکجہتی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف قومی سطح پر اتحاد اور مشترکہ عزم کو ناگزیر قرار دیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں کی اجازت فوری طور پر بحال کی جائے۔
اجلاس میں خیبرپختونخوا کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ این ایف سی ایوارڈ، این ایچ اے اور آئی پی پیز کی مد میں واجب الادا رقوم فوری طور پر ادا کی جائیں تاکہ صوبے کے عوامی مسائل کو مؤثر طور پر حل کیا جا سکے۔ قبائلی اضلاع کے عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور مکمل معاوضے پر بھی زور دیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے خیبر جرگہ کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے قبائلی علاقوں میں دیرپا امن کے قیام اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں سے فعال کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
اعلامیے کے مطابق 8 فروری کو عوامی مینڈیٹ کے خلاف اقدامات پر احتجاج کیا جائے گا، جس کے تحت ملک بھر میں پرامن ہڑتال ہوگی، جبکہ نمازِ مغرب کے بعد مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی۔
اجلاس میں سندھ اور پنجاب میں کارکنان کی گرفتاریوں اور گھروں پر چھاپوں کی بھی مذمت کی گئی، جنہیں آئین، جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کے منافی قرار دیا گیا۔ اجلاس اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ پاکستان تحریکِ انصاف عوام کے آئینی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی۔

Leave a reply