ایران میں خواتین کو موٹر سائیکل چلانے کا باقاعدہ حق مل گیا

ایران میں خواتین کے لیے موٹر سائیکل چلانے سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں اب خواتین کو باقاعدہ طور پر موٹر سائیکل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فیصلے کے بعد موٹر سائیکل چلانے کے معاملے میں موجود طویل عرصے سے چلے آ رہے قانونی ابہام کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ ماضی میں قوانین میں خواتین پر موٹر سائیکل یا اسکوٹر چلانے کی صریح ممانعت موجود نہیں تھی، تاہم عملی طور پر متعلقہ ادارے خواتین کو لائسنس جاری نہیں کرتے تھے۔
اس صورتحال کے باعث سڑک حادثات کی صورت میں خواتین کو قانونی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا، کیونکہ ان کے پاس باضابطہ لائسنس موجود نہیں ہوتا تھا۔
ایرانی نائب صدر محمد رضا عارف نے حال ہی میں ایک قرارداد پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ٹریفک قوانین کو واضح اور منظم بنانا ہے۔ یہ قرارداد گزشتہ ماہ ایرانی کابینہ سے منظور ہوئی تھی۔
نئے ضوابط کے تحت ٹریفک پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ خواتین درخواست دہندگان کو موٹر سائیکل چلانے کی عملی تربیت فراہم کرے، سرکاری نگرانی میں امتحان منعقد کرے اور کامیاب امیدواروں کو باقاعدہ ڈرائیونگ لائسنس جاری کرے۔









