عمران خان کی آنکھ کا علاج مکمل، ڈاکٹرز نے تفصیلات بتا دیں

0
51
عمران خان کی آنکھ کا علاج مکمل، ڈاکٹرز نے تفصیلات بتا دیں

بانی پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی دائیں آنکھ کا طبی معائنہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران سکندر نے اس حوالے سے علاج کی تفصیلات جاری کیں۔
ان کے مطابق عمران خان کو چند دن قبل دائیں آنکھ کی بینائی میں کمی محسوس ہوئی، جس پر پمز اسپتال کے ایک سینئر ماہرِ امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں ان کا معائنہ کیا۔ اس دوران آنکھ کے مختلف ضروری ٹیسٹ کیے گئے جن میں فنڈواسکوپی، آنکھ کے اندر دباؤ کی پیمائش اور ریٹینا کی او سی ٹی شامل تھیں۔
طبی معائنے کے بعد عمران خان میں سینٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص ہوئی، جس پر مزید علاج کے لیے انہیں اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔ ڈاکٹر عمران سکندر کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب عمران خان کو تجویز کردہ علاج کے لیے پمز اسپتال لایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ مریض کو بیماری اور علاج کے تمام مراحل سے آگاہ کیا گیا اور باقاعدہ تحریری رضا مندی کے بعد علاج کا آغاز کیا گیا۔ علاج آپریشن تھیٹر میں مکمل جراثیم سے پاک ماحول اور مسلسل طبی نگرانی میں کیا گیا، جو تقریباً بیس منٹ میں کامیابی سے مکمل ہوا۔
ڈاکٹر عمران سکندر کا کہنا تھا کہ دائیں آنکھ کی رگوں میں دباؤ کے باعث بینائی متاثر ہوئی تھی، تاہم علاج کے دوران مریض کی تمام حیاتیاتی علامات مستحکم رہیں۔ علاج مکمل ہونے کے بعد عمران خان کو ضروری ہدایات، فالو اپ مشوروں اور متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا۔

Leave a reply