
انڈر 19 ورلڈ کپ کے سپر سکس مرحلے میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہرارے میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا، جو درست ثابت ہوا۔ قومی بولرز نے ابتدا ہی سے کیوی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا اور پوری ٹیم 110 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بوگو 39 رنز کے ساتھ سب سے نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ علی رضا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے ہدف نہایت آسانی سے حاصل کرلیا۔ گرین شرٹس نے صرف 18 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنا لیے۔ سمیر منہاس 76 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے اور میچ کے ہیرو ثابت ہوئے۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے سپر سکس مرحلے میں اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے۔ تاہم سیمی فائنل میں رسائی کے لیے قومی ٹیم کو یکم فروری کو بھارت کے خلاف ہونے والا میچ بھی جیتنا ہوگا۔









