ورلڈ کپ میں شرکت پر فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہوگا، چیئرمین پی سی بی

0
74
ورلڈ کپ میں شرکت پر فیصلہ جمعہ یا پیر تک ہوگا، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے یا نہ لینے سے متعلق فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے مطابق یہ فیصلہ جمعہ یا زیادہ سے زیادہ پیر تک سامنے آ جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر چیئرمین پی سی بی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں تمام ممکنہ آپشنز پر غور کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران محسن نقوی نے وزیر اعظم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا، جبکہ وزیر اعظم نے معاملے کو دانشمندی سے حل کرنے کی ہدایت دی۔
ملاقات کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی نے بتایا کہ وزیر اعظم کو آئی سی سی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فیصلے میں تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں آئی سی سی کے مبینہ دوہرے معیار پر بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے موقف اختیار کیا کہ آئی سی سی بھارت کے لیے ایک اور دیگر ممالک کے لیے مختلف اصول اپناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان آنے سے انکار کیا تو اسے متبادل وینیو فراہم کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے یہ بھی نشاندہی کی کہ بنگلادیش نے بھارت میں سکیورٹی خدشات کے باعث وہاں جانے سے معذرت کی تھی، تاہم اس کے باوجود بنگلادیش کو متبادل مقام دینے کے بجائے ایونٹ سے باہر کر دیا گیا۔
محسن نقوی نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرتا تو اسے ایونٹ میں شمولیت کے بدلے ملنے والی خطیر رقم سے محروم ہونا پڑے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ نہ ہوا تو اس کا بڑا نقصان بھارت کو برداشت کرنا پڑے گا۔

Leave a reply