
پاکستان شوبز کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے مسلم لیگ (ن) کی رہنما اور صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے حالیہ انداز پر ہونے والی تنقید پر کھل کر ردِعمل دے دیا ہے۔
یہ معاملہ اس وقت زیرِ بحث آیا جب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کے دوران مریم اورنگزیب کی ظاہری تبدیلی اور نیا لُک سوشل میڈیا پر نمایاں ہوا۔ ان کی تصاویر سامنے آنے کے بعد صارفین نے پرانی اور نئی تصاویر کا موازنہ شروع کر دیا، جس پر مختلف آرا سامنے آئیں۔
کچھ حلقوں نے اس تبدیلی کو خواتین کے لیے ایک حوصلہ افزا مثال قرار دیا، جبکہ شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور فیشن انڈسٹری کے افراد نے بھی ان کے نئے انداز کو سراہا۔ تاہم، بعض سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غیر ضروری تنقید بھی دیکھنے میں آئی۔
ایسے میں بشریٰ انصاری نے مریم اورنگزیب کی حمایت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ وہ مریم کو ذاتی طور پر جانتی ہیں۔ ان کے مطابق وزن میں کمی کا یہ سفر محنت، حوصلے اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔ بشریٰ انصاری نے مریم اورنگزیب کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ وہ نہایت خوبصورت لگ رہی ہیں۔









