
کراچی: گل پلازہ سانحہ کے بعد لاپتا افراد کے اہلخانہ سے ڈی این اے کے لیے خون کے نمونے لینے کا سلسلہ جاری ہے۔
کراچی کے سول اسپتال میں لاپتا افراد کے رشتہ داروں سے خون کے نمونے لیے جا رہے ہیں تاکہ ان کی مدد سے لاشوں کی شناخت کی جا سکے۔ مردہ خانے کے باہر ایک معلوماتی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں اہلخانہ سے لاپتا افراد کے جسمانی خصوصیات، لباس اور پیدائشی نشانوں کے بارے میں معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پراجیکٹ ہیڈ (شناخت) عامر حسن کے مطابق متاثرہ شخص کے اہلخانہ سے تین سے چار صفحات پر مشتمل سوالنامہ بھروایا جاتا ہے، جس کا ڈیٹا پوسٹ مارٹم رپورٹ کے ساتھ ملا کر ڈی این اے کے ذریعے تصدیق کی جاتی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے بتایا کہ اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے نمونے لیے جا چکے ہیں جبکہ 48 خاندانوں نے اپنے ڈی این اے سیمپل جمع کروا دیے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ نمونے سندھ فارنزک لیبارٹری بھیجے جا رہے ہیں اور اگلے تین دنوں میں کراس میچنگ کا عمل مکمل ہوگا۔









