
کراچی کے علاقے گل پلازہ میں آتشزدگی کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا آپریشن بدستور جاری ہے۔ امدادی ٹیموں نے عمارت کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل کو مکمل طور پر کلیئر کر لیا ہے۔
ضلع جنوبی کے ڈپٹی کمشنر جاوید نبی کھوسو کے مطابق اب دوسرے اور تیسرے فلور تک رسائی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جہاں داخلے کے لیے گرلز کو کٹر کی مدد سے کاٹا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ رات کے وقت مزید دو لاشیں ملی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 26 ہو گئی ہے۔ لاپتا افراد کی فہرست میں 81 نام شامل کیے گئے تھے، تاہم ابتدائی جانچ کے بعد 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہوئی ہے کیونکہ بعض نام دو بار درج ہو گئے تھے۔
ادھر پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق اب تک 20 لاشیں سول اسپتال منتقل کی جا چکی ہیں۔ 14 لاشوں سے ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں جن میں سے 7 افراد کی شناخت مکمل ہو گئی ہے، ایک شناخت قومی شناختی کارڈ کے ذریعے ممکن ہوئی۔
پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ متوفین کے اہل خانہ کے 48 ڈی این اے نمونے حاصل کر کے سندھ فارنزک ڈی این اے لیبارٹری ارسال کر دیے گئے ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ جامعہ کراچی کے انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز میں کیے جائیں گے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے بعض انسانی اعضا پر بھی فارنزک جانچ کا عمل جاری ہے۔









