کھلاڑیوں کی سلیکشن کا نیا طریقہ، پی ایس ایل میں بڑی اصلاحات

0
87
کھلاڑیوں کی سلیکشن کا نیا طریقہ، پی ایس ایل میں بڑی اصلاحات

پاکستان سپر لیگ کے انتظامی نظام میں نمایاں اصلاحات لانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جن کے تحت کھلاڑیوں کی ٹیموں میں شمولیت کے لیے موجودہ ڈرافٹ سسٹم کو ختم کر کے آکشن ماڈل نافذ کیا جائے گا۔ لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد پی ایس ایل کو زیادہ شفاف، مسابقتی اور مالی طور پر مستحکم بنانا ہے۔
لاہور میں منعقدہ اجلاس کے بعد پی ایس ایل حکام نے بتایا کہ آئندہ سیزنز میں تمام ٹیمیں کھلاڑیوں کا انتخاب آکشن کے ذریعے کریں گی، جس سے ٹیموں کے درمیان توازن بہتر ہوگا اور مقابلے کا معیار بلند ہوگا۔
انتظامیہ کے مطابق نئے آکشن سسٹم سے کھلاڑیوں کو اپنی کارکردگی اور مانگ کے مطابق بہتر معاوضہ حاصل کرنے کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ ہر کیٹیگری میں صرف ایک کھلاڑی رکھنے کی اجازت ہوگی، جبکہ مینٹور، برانڈ ایمبیسڈر اور رائٹ ٹو میچ جیسے سابقہ قوانین ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
لیگ میں شامل ہونے والی نئی دو فرنچائزز کو ابتدائی طور پر چار، چار کھلاڑی منتخب کرنے کی سہولت دی جائے گی تاکہ وہ مضبوط اور مسابقتی اسکواڈ تشکیل دے سکیں۔ اس کے علاوہ ہر ٹیم کو ایک بین الاقوامی کھلاڑی کو براہِ راست معاہدے کے تحت سائن کرنے کی اجازت ہوگی، تاہم شرط یہ ہوگی کہ وہ کھلاڑی پی ایس ایل 2025 کا حصہ نہ رہا ہو۔
آکشن کے لیے ہر فرنچائز کا مجموعی سیلری کیپ 16 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جس کا مقصد مالی توازن کو برقرار رکھنا ہے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کا نیا سیزن 26 مارچ سے شروع ہوگا، جبکہ چند میچز فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔
پی ایس ایل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اصلاحات سے لیگ کا مجموعی معیار بہتر ہوگا اور شائقینِ کرکٹ کو مزید سنسنی خیز اور سخت مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

Leave a reply