جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا آغاز: مہندی کی تقریب ہوئی شاندار

0
106
جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا آغاز: مہندی کی تقریب ہوئی شاندار

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ شب جاتی امرا میں جنید صفدر کی مہندی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں خاندان کے قریبی افراد اور منتخب مہمان شریک ہوئے۔
اس تقریب میں دلہن شانزے علی روحیل کے اہلِ خانہ بھی شریک تھے، جنہوں نے تقریب میں رنگ بھر دیا۔ دلہن نے معروف بھارتی ڈیزائنر سبیاساچی مکھرجی کا تیار کردہ رنگین اور نفیس کڑھائی والا لہنگا پہنا، جبکہ کندن اور پولکی زیورات کے ساتھ اپنی دلکش شکل مکمل کی۔
دلہا جنید صفدر نے مہندی کے لیے پاکستانی ڈیزائنر ایچ ایس وائےکا نیوی بلیو لباس منتخب کیا، جس کے ساتھ کیمل رنگ کی شال نے ان کے انداز کو شاہانہ بنایا۔ دلہن کے میک اپ اور ہیئر اسٹائل کی ذمہ داری سعد سمیع نے سنبھالی۔
مہندی کے موقع پر مریم نواز نے زرد رنگ کا لباس پہنا، جو نومی انصاری کی تخلیق ہے، جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف سادہ اور روایتی لباس میں دکھائی دیے، جنہوں نے سفید شلوار قمیص کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کا گرم کوٹ اور نیوی بلیو کیپ پہن رکھی تھی۔
تقریب میں معروف رقاص وہاب شاہ نے پرفارمنس پیش کی، جس سے محفل میں مزید رونق پیدا ہوئی۔ تقریب میں تقریباً 350 مہمانوں کے لیے روایتی اور دیسی کھانوں پر مشتمل ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
شیڈول کے مطابق، جنید صفدر کی بارات 17 جنوری کو دوپہر لاہور کے لیک سٹی میں روانہ ہوگی، جہاں تقریباً 400 مہمان شریک ہوں گے۔ جبکہ ولیمہ 18 جنوری کو جاتی امرا فارمز میں منعقد ہوگا، جسمیں تقریباً 800 مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔
ولیمہ میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی و صوبائی وزرا، سینئر سیاسی رہنما اور غیر ملکی مہمان بھی شریک ہونے کی توقع ہے۔ مہندی کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہو چکی ہیں، جنہیں صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

Leave a reply