
فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آغاز سے قبل ہی شائقینِ فٹبال کا جوش عروج پر پہنچ گیا ہے، جہاں ٹکٹوں کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد نے فیفا کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ صرف 33 دنوں کے دوران دنیا بھر سے 500 ملین سے زائد ٹکٹ درخواستیں جمع ہوئیں، جو اس میگا ایونٹ کی بے مثال مقبولیت کو ظاہر کرتی ہیں۔
فیفا کے مطابق ٹکٹوں کے لیے رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلہ 11 دسمبر سے 13 جنوری تک جاری رہا، جس میں تمام 211 فیفا رکن ممالک کے شائقین نے حصہ لیا۔ یہ پہلا موقع ہوگا کہ ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی، جس کے باعث دلچسپی میں غیر معمولی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں روزانہ اوسطاً ڈیڑھ کروڑ ٹکٹ درخواستیں موصول ہوئیں، جن کی جانچ منفرد کریڈٹ کارڈ معلومات کے ذریعے کی گئی۔ میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے علاوہ جرمنی، انگلینڈ، برازیل، اسپین، پرتگال، ارجنٹائن اور کولمبیا سے بھی بڑی تعداد میں درخواستیں آئیں۔
سب سے زیادہ طلب والا مقابلہ 27 جون کو میامی میں کھیلا جانے والا کولمبیا اور پرتگال کا میچ رہا۔ دیگر نمایاں میچز میں گواڈالاہارا میں میکسیکو اور جنوبی کوریا کا مقابلہ، نیویارک/نیو جرسی میں فائنل، میکسیکو سٹی میں افتتاحی میچ اور ٹورنٹو میں راؤنڈ آف 32 کا میچ شامل ہیں۔
فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے کہا ہے کہ نصف ارب سے زائد ٹکٹ درخواستیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ فٹبال دنیا بھر میں لوگوں کے دلوں میں کس قدر اہم مقام رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیفا کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ شائقین کو اس تاریخی ایونٹ کا حصہ بننے کا موقع دیا جائے۔
فیفا ٹکٹنگ سروس تمام درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد، جہاں ضرورت ہوگی قرعہ اندازی کے ذریعے ٹکٹوں کی منصفانہ تقسیم کرے گی۔ شائقین کو 5 فروری تک ای میل کے ذریعے نتائج سے آگاہ کیا جائے گا، جبکہ کامیاب درخواست دہندگان سے ادائیگی خودکار طریقے سے وصول کی جائے گی۔
جو شائقین ابتدائی مرحلے میں ٹکٹ حاصل نہیں کر پائیں گے، انہیں بعد میں فرسٹ کم، فرسٹ سرو کی بنیاد پر دوبارہ موقع دیا جائے گا، جو ٹورنامنٹ کے اختتام تک جاری رہے گا۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ ٹکٹ کا حصول میزبان ممالک میں داخلے کی ضمانت نہیں، اس لیے شائقین کو بروقت ویزا درخواست دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز 11 جون کو امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں ہوگا جبکہ فائنل 19 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 ملین ڈالر انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 33 ملین ڈالر ملیں گے۔









