پی ایس ایل میں سیالکوٹ کی انٹری، مقامی اور غیر ملکی ٹیلنٹ پر توجہ

0
62
پی ایس ایل میں سیالکوٹ کی انٹری، مقامی اور غیر ملکی ٹیلنٹ پر توجہ

پاکستان سپر لیگ کی نئی مجوزہ فرنچائز کے مالک حمزہ مجید کا کہنا ہے کہ ٹیم کے قیام کا بنیادی مقصد صرف لیگ میں شرکت نہیں بلکہ سیالکوٹ اور گردونواح میں کرکٹ کے پورے ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم کا شہر سیالکوٹ ہی رکھنے کا فیصلہ ابتدا ہی میں کر لیا گیا تھا، جس کی وجہ اس شہر سے جذباتی تعلق اور اس کی تاریخی کرکٹ اہمیت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ مجید نے بتایا کہ فرنچائز انتظامیہ نے سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں عوام کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی اور جوش دیکھنے میں آیا۔ ان کے مطابق سیالکوٹ ایک عام شہر نہیں بلکہ علامہ اقبالؒ کی سرزمین ہے، تاہم بدقسمتی سے یہاں کا ٹیسٹ کرکٹ اسٹیڈیم اس وقت مناسب حالت میں نہیں، جس کی بہتری فرنچائز کے اہم اہداف میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر ٹیم کے نام اور دیگر انتظامی معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے فیصل آباد اسٹیڈیم کو ہوم گراؤنڈ کے طور پر استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر اس آپشن کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حمزہ مجید کے مطابق نئی اور موجودہ فرنچائزز کے درمیان کھلاڑیوں کے حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ آسٹریلیا میں چھ سے سات کرکٹرز سے ابتدائی رابطہ کیا جا چکا ہے اور امید ہے کہ غیر ملکی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ سیالکوٹ کے ابھرتے ہوئے مقامی ٹیلنٹ کو بھی نمایاں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
فرنچائز مالک نے واضح کیا کہ ٹیم میں قومی کھلاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں کا انتخاب مکمل میرٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ان کے مطابق پہلا عملی قدم سیالکوٹ میں ہوم گراؤنڈ کا قیام ہوگا، جبکہ آئندہ دس روز کے اندر ہائی پرفارمنس سینٹر پر بھی کام شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز سابق کرکٹرز، جن میں ظہیر عباس جیسے بڑے نام شامل ہیں، کو مکمل عزت اور مقام دیا جائے گا۔ کوچنگ اسٹاف اور کپتان کے انتخاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مقامی ماہرین کو اولین ترجیح دی جائے گی، تاہم آسٹریلوی کوچز کے تجربے سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔
گفتگو کے اختتام پر حمزہ مجید نے کہا کہ سیالکوٹ فرنچائز کے ذریعے وہ ایسے عملی اقدامات متعارف کرانا چاہتے ہیں جو ماضی میں پاکستان کرکٹ میں دیکھنے کو نہیں ملے، اور ان کا ہدف ایک مضبوط علاقائی کرکٹ نظام کی تشکیل ہے۔

Leave a reply