مہران ہائی وے پر دھند کے باعث حادثہ، 3 افراد جان کی بازی ہار گئے

0
59
مہران ہائی وے پر دھند کے باعث حادثہ، 3 افراد جان کی بازی ہار گئے

نواب شاہ کے قریب مہران ہائی وے پر شدید دھند کے سبب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو بچے زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق حادثہ بوچھیری کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث دو گاڑیاں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔ تصادم کے نتیجے میں تین افراد موقع پر ہی جان سے گئے، جبکہ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق نواب شاہ کے مضافاتی علاقے سے تھا۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے مختلف علاقوں میں موٹرویز کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سفر کرنا خطرناک ہو چکا ہے، جس کے پیش نظر ٹریفک معطل کی گئی۔
موٹروے پولیس کے مطابق ایم ون پشاور ٹول پلازہ سے برہان، ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بالکسر، ایم تھری فیض پور سے درخانہ، ایم فور شیر شاہ سے پنڈی بھٹیاں اور ایم فائیو روہڑی سے شیر شاہ تک بند ہے، جبکہ ایم الیون پر بھی آمدورفت روک دی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave a reply