
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف حصوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں متعدد موٹرویز کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کی شدت کے سبب موٹروے ایم ون پشاور سے صوابی، ایم فور شیر شاہ سے شام کوٹ، ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی جبکہ ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک آمدورفت معطل کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی سڑکوں کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
دھند کے اثرات قومی شاہراہوں پر بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں، جہاں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دورانِ سفر فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
دوسری جانب فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک ہے۔ مختلف شہروں میں اسموگ کی شدت برقرار ہے۔ عالمی ماحولیاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ آج ملک کا سب سے آلودہ شہر رہا، جہاں فضائی آلودگی کی سطح 429 پارٹیکیولیٹ میٹر تک پہنچ گئی۔
اسی طرح فیصل آباد میں آلودگی کا انڈیکس 347، پشاور میں 272، راولپنڈی میں 207 جبکہ لاہور میں 180 پارٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔









