
پاکستانی یوٹیوبر اذلان شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی ایک انسٹاگرام اسٹوری نے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے، جس میں وہ دوسری شادی کا عندیہ دیتے نظر آئے۔
اپنی اسٹوری میں اذلان شاہ نے لکھا کہ ان کے پاس ایک اہم بات ہے جو وہ خود شیئر کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ بطور عوامی شخصیت انہیں مناسب لگتا ہے کہ یہ خبر کسی اور کے بجائے ان کی جانب سے سامنے آئے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ معاملہ کچھ عجیب ضرور ہے لیکن وہ دوسری شادی کرنے جا رہے ہیں، اور اس حوالے سے ان کی اہلیہ نے بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔ یوٹیوبر نے درخواست کی کہ ان کی فیملی کو اس معاملے سے دور رکھا جائے کیونکہ یہ ان کی ذاتی زندگی ہے۔
اذلان شاہ نے اپنے پیغام کے آخر میں مداحوں سے نیک خواہشات اور دعاؤں کی بھی درخواست کی۔
یہ بات ابھی واضح نہیں کہ یہ اعلان سنجیدہ ہے، مزاح کے طور پر کیا گیا ہے، یا پھر ان کا اکاؤنٹ ہیک ہوا ہے۔
خیال رہے کہ اذلان شاہ معروف اداکار مرحوم شبیر رانا کے صاحبزادے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر وریشہ جاوید خان سے شادی کی تھی، اور ان کے ہاں دو سال قبل ایک بیٹی پیدا ہوئی۔








