
کراچی میں ای چالان سسٹم کو نافذ ہوئے ایک ماہ گزر چکا ہے، جس دوران ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 93 ہزار سے زائد چالان جاری کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ خلاف ورزیاں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی سامنے آئیں، جن کی تعداد 57 ہزار 541 رہی۔ اسی طرح 22 ہزار 227 موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ نہ پہننے پر چالان کا شکار ہوئے۔
اسپیشل وہیکل ٹریکر سسٹم کے ذریعے ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکرز کی تیز رفتاری پر 1 ہزار 188 کارروائیاں کی گئیں، جبکہ دیگر گاڑیوں میں اوور اسپیڈنگ کے 2 ہزار 699 کیسز ریکارڈ ہوئے۔
ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 3 ہزار 102 چالان جاری کیے گئے۔ فینسی نمبر پلیٹس پر 1278 اور رنگین شیشوں والی گاڑیوں پر 1178 کارروائیاں کی گئیں۔ اسی طرح اسٹاپ لائن کراس کرنے پر 611 جبکہ غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 426 چالان کیے گئے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سیٹ بیلٹ نہ لگانے والوں پر مجموعی طور پر 57 کروڑ 54 لاکھ 10 ہزار روپے، ہیلمٹ نہ پہننے والے بائیک سواروں پر 11 کروڑ 11 لاکھ 35 ہزار روپے اور رنگین شیشےوالی گاڑیوں پر 2 کروڑ 9 لاکھ 50 ہزارسےزائدروپے جرمانہ عائدکیاگیاہے۔
یہ تمام کارروائیاں شہر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے اور جدید نگرانی کے نظام کو موثر بنانے کے تحت کی گئیں۔









