
اوپن اے آئی نے اپنے معروف اے آئی چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں گروپ چیٹس کا فیچر اب دنیا بھر کے صارفین کے لیے جاری کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر اسے چند ممالک تک محدود رکھا گیا تھا، تاہم اب یہ آئندہ چند دنوں میں تمام صارفین تک پہنچ جائے گا۔
نئے فیچر کے تحت ایک گروپ چیٹ میں زیادہ سے زیادہ 20 افراد شامل ہوسکیں گے اور گروپ چیٹس میں کیے گئے پیغامات صارفین کی ریٹ لمٹ پر اثر نہیں ڈالیں گے۔ اس مقصد کے لیے چیٹ جی پی ٹی 5.1 آٹو ماڈل استعمال کیا جارہا ہے، جو گروپ مکالمے کے بہاؤ کے مطابق جواب دینے یا خاموش رہنے کا فیصلہ خود کرے گا۔
اوپن اے آئی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صارف کو اس کی اجازت کے بغیر کسی گروپ چیٹ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ صارفین کو پہلے دعوت نامہ موصول ہوگا جسے قبول کرنے کے بعد ہی وہ گروپ کا حصہ بن سکیں گے، جبکہ گروپ چیٹ میں شامل ہونے کے لیے کم از کم عمر 18 سال ہونا لازم ہے۔
یہ نیا فیچر دفتری ٹیموں، دوستوں اور خاندان کے افراد کو باہمی رابطے اور مشترکہ کاموں میں سہولت فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ گروپ کے ہر رکن کا اپنا پروفائل، یوزر نیم اور پروفائل فوٹو ہوگی، جبکہ صارفین پیغامات پر ایموجیز کے ذریعے ردعمل بھی دے سکیں گے۔
چیٹ جی پی ٹی کے تمام اہم ٹولز—جیسے ویب سرچ، امیج جنریشن، فائل اپ لوڈز اور شیئرنگ—اب گروپ چیٹس میں بھی دستیاب ہوں گے، جس سے پلیٹ فارم کا مجموعی استعمال مزید بہتر اور جامع ہوجائے گا۔









