پاکستان میں پہلی بار بنکرنگ سروس کا لائسنس جاری، پورٹس سے بڑی آمدنی کی راہ ہموار

پاکستان میں سمندری شعبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بنکرنگ سروس کا باقاعدہ لائسنس جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کے بعد کراچی پورٹ پر بین الاقوامی معیار کی ایندھن فراہمی کی خدمات شروع ہو گئی ہیں، جب کہ کئی غیرملکی کمپنیاں بھی اس شعبے میں دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔
وفاقی حکام کے مطابق نئی بنکرنگ سہولت سے ملکی بندرگاہوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ متوقع ہے اور مستقبل میں اربوں روپے کا زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔ بین الاقوامی معیار کی سروسز کی فراہمی سے نہ صرف کراچی پورٹ کی خطے میں مسابقت بڑھے گی بلکہ غیرملکی شپنگ لائنز کی آمد بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ پورٹ پر عالمی حفاظتی اور عملیاتی معیارات نافذ کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد مرمت، سپلائز اور میری ٹائم لاجسٹکس کے شعبوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ بنکرنگ سسٹم میں ایندھن کے معیار، دستاویزات اور شفافیت کے حوالے سے عالمی اصولوں کی پابندی کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ پیشرفت وزیرِاعظم کی خصوصی ہدایات کے تحت کی گئی ہے، جس کا مقصد پاکستان کی سمندری تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور علاقائی سطح پر بندرگاہوں کی اہمیت میں اضافہ کرنا ہے۔









