آزاد کشمیر: وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع

0
156
آزاد کشمیر: وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع

مظفرآباد میں پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرادی۔ پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا اور اراکینِ اسمبلی کو فوری طور پر مظفرآباد پہنچنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی نے نئے وزیر اعظم کے لیے اپنے سیکرٹری جنرل آزاد کشمیر، فیصل راٹھور کو امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران راجا پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے فیصل راٹھور کی نامزدگی کا اعلان کیا۔

آئینی تقاضوں کے مطابق تحریک جمع ہونے کے بعد تین سے سات روز کے اندر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلانا ضروری ہے، جہاں تحریک پر رائے شماری ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے تحریک کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے اس معاملے میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ پاکستان میں حالیہ آئینی ترمیم کے باعث تحریک عدم اعتماد کی پیش رفت میں تاخیر ہوئی۔ تحریک کی کامیابی کے لیے کم از کم 27 ووٹ درکار ہیں، جب کہ پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اسے 40 سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے۔

Leave a reply