اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے دو بچےشہید، غزہ میں اجتماعی قبرسے 51 لاشیں برآمد

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین فضائی اور زمینی حملے غزہ سٹی، بیت لاہیا اور خان یونس میں کیے گئے، جن میں توپ خانے کی گولہ باری بھی شامل تھی۔
مغربی کنارے میں بھی صورتحال کشیدہ رہی جہاں اسرائیلی فوج نے کارروائی کے دوران دو بچوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ فوج نے آپریشن کے دوران مختلف گھروں کی تلاشی بھی لی۔
مسلسل بگڑتی صورتحال کے پیش نظر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدہ انتہائی نازک صورت اختیار کرچکا ہے۔ انہوں نے فریقین سے معاہدے کی مکمل پاسداری اور امن کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔
دریں اثنا، غزہ کے مختلف علاقوں سے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبی ایک اجتماعی قبر سے 51 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ خان یونس سے ایک اسرائیلی یرغمالی کی لاش بھی ملی ہے جسے حکام کے مطابق آج اسرائیل کے حوالے کیا جائے گا۔
غزہ سول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اب بھی متعدد خاندان ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور تباہی کی شدت کے باعث لاشوں کی برآمدگی میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ محدود ریسکیو مشینری کے باعث امدادی ٹیمیں ملبہ ہٹانے میں سست رفتاری کا سامنا کر رہی ہیں۔









