ورجینیا میں نئی تاریخ رقم — غزالہ ہاشمی لیفٹیننٹ گورنر منتخب

0
100
ورجینیا میں نئی تاریخ رقم — غزالہ ہاشمی لیفٹیننٹ گورنر منتخب

امریکا کی ریاست ورجینیا میں ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار غزالہ ہاشمی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کا الیکشن جیت لیا۔ وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد امریکی خاتون بن گئی ہیں۔

انتخابی نتائج کے مطابق غزالہ ہاشمی نے اپنے ری پبلکن حریف جان ریڈ کو شکست دی۔ انہیں 55 فیصد سے زائد ووٹ ملے، جب کہ جان ریڈ 44 فیصد ووٹ حاصل کر سکے۔

غزالہ ہاشمی نے 2024 میں لیفٹیننٹ گورنر کے عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ڈیموکریٹک پرائمری میں بھی وہ نمایاں رہیں اور اپنے تمام حریفوں کو آسانی سے شکست دے کر پارٹی کا ٹکٹ حاصل کیا۔

غزالہ ہاشمی اس سے قبل ورجینیا کی ریاستی سینیٹ کی رکن رہ چکی ہیں، جہاں وہ اس ایوان کی پہلی مسلم اور پہلی جنوبی ایشیائی نژاد خاتون سینیٹر منتخب ہوئی تھیں۔ ان کا سیاسی سفر 2019 میں شروع ہوا جب انہوں نے سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی حاصل کی، اور بعد ازاں 2023 میں دوبارہ منتخب ہوئیں۔

غزالہ ہاشمی 1964 میں بھارت کے شہر حیدرآباد میں پیدا ہوئیں۔ وہ چار سال کی عمر میں اپنے خاندان کے ساتھ امریکا منتقل ہوئیں۔ انہوں نے جارجیا سدرن یونیورسٹی سے گریجویشن اور ایمری یونیورسٹی، اٹلانٹا سے امریکی ادب میں پی ایچ ڈی کی۔ وہ تین دہائیوں تک رچمنڈ میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دیتی رہیں۔

ان کے شوہر اظہر ہاشمی کا تعلق پاکستان سے ہے، اور جوڑے کی دو بیٹیاں ہیں۔

بطور سینیٹر، غزالہ ہاشمی نے تعلیم، ووٹنگ کے حقوق، گن وائلنس میں کمی، ماحولیاتی تحفظ، ہاؤسنگ اور ہیلتھ کیئر اصلاحات جیسے اہم شعبوں میں فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے رائٹ ٹو کونٹراسیپشن ایکٹ بھی پیش کیا تھا، جو دونوں ایوانوں سے منظور ہوا لیکن ری پبلکن گورنر نے ویٹو کر دیا۔

کتابوں کی شوقین غزالہ ہاشمی نے کم عمری ہی سے تعلیم کے میدان میں اپنا نام بنانے کا خواب دیکھا تھا۔ آج ان کی کامیابی نہ صرف ان کے والدین کے لیے بلکہ جنوبی ایشیائی اور مسلم برادری کے لیے بھی فخر کا باعث ہے۔

Leave a reply