ترکیہ میں 6.1 شدت کا زلزلہ، عمارتوں کو نقصان، شہری خوفزدہ

ترکیہ کے مغربی علاقوں میں منگل کی صبح شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز بالیکسیر صوبے کے قصبے سندرگی میں بتایا جا رہا ہے، جبکہ اس کی گہرائی تقریباً 6 کلو میٹر تھی۔
زلزلے کے جھٹکے استنبول، بورصہ، مانیسا اور ازمیر سمیت کئی شہروں میں محسوس کیے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
زلزلے کے دوران شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، اور کئی علاقوں میں رات بھر لوگ کھلے مقامات پر موجود رہے۔
واضح رہے کہ اگست میں بھی اسی علاقے میں 6.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس میں ایک شخص جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ ترکیہ 2023 میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے اثرات سے اب تک مکمل طور پر نہیں سنبھل سکا، جس میں 55 ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔








