فلسطینی صحافی مریم ابو دقہ سمیت سات صحافی “ورلڈ پریس فریڈم ہیروز” قرار

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقدہ انٹرنیشنل پریس انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ کانگریس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے سات صحافیوں کو 2025 کے ورلڈ پریس فریڈم ہیروز ایوارڈ سے نوازا گیا۔
ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں فلسطین، یوکرین، ہانگ کانگ، امریکا، پیرو، جارجیا اور ایتھوپیا کے صحافی شامل ہیں۔ فلسطین کی شہید صحافی مریم ابو دقہ اور یوکرین کی وکٹوریا روشچینا کو فرائض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دینے پر بعد از مرگ ایوارڈ دیا گیا۔
اس موقع پر آزادیٔ صحافت کے فروغ میں نمایاں خدمات پر ہنگری کے آزاد میڈیا ادارے کو فری میڈیا پائینئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
ایوارڈ یافتہ صحافیوں میں فلسطین کی مریم ابو دقہ، یوکرین کی وکٹوریا روشچینا، ہانگ کانگ کے جمی لائی، امریکا کے مارٹن بیرن، پیرو کے گستاوو گوریٹی، جارجیا کی مزیہ اماگلوبیلی اور ایتھوپیا کے تسفیلم والڈیس شامل ہیں۔
شرکا نے تقریب میں آزادیٔ صحافت کی جدوجہد میں جانیں نچھاور کرنے والے تمام صحافیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور عالمی سطح پر آزاد اور ذمہ دار صحافت کی اہمیت پر زور دیا۔









