گھریلو ملازم کروڑوں کا مالک نکلا، چوری کی رقم سے جائیدادیں اور سونا خریدا

0
78
گھریلو ملازم کروڑوں کا مالک نکلا، چوری کی رقم سے جائیدادیں اور سونا خریدا

کراچی کے علاقے ڈیفنس سے گرفتار گھریلو ملازم واجد کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ 45 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ کے باوجود کروڑوں روپے کے اثاثوں کا مالک ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزم کے چار بینک اکاؤنٹس سے ایک کروڑ 86 لاکھ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز کے شواہد ملے ہیں۔

تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ واجد نے چوری کی رقم سے کراچی میں ایک فلیٹ، جبکہ ہری پور اور اسلام آباد میں پلاٹس خرید رکھے ہیں۔ اس کے علاوہ ملزم کی ایک مسافر وین بھی ہے جو ہری پور روٹ پر چلتی ہے، جب کہ ایک کروڑ روپے مالیت کا سونا بھی اس کے قبضے سے برآمد ہوا ہے۔

واجد کو ڈیفنس کے ایک بزرگ جوڑے نے آٹھ سال قبل ملازمت پر رکھا تھا۔ جوڑے کے بیرونِ ملک مقیم بیٹے اور بیٹی کی جانب سے ہر ماہ بھیجی جانے والی رقم کے انتظامات کی ذمہ داری واجد پر تھی۔ اس دوران اس نے گھر کے بینک اکاؤنٹس اور لاکرز تک رسائی حاصل کر لی۔

تفتیشی حکام کے مطابق چار سال قبل بزرگ کے انتقال کے بعد واجد نے اکیلی معمر خاتون کی دیکھ بھال کا بہانہ بنا کر گھر سے نقدی اور قیمتی سامان چرانا شروع کر دیا۔ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش کئی سالوں سے رقم اور زیورات چوری کرنے کا اعتراف کیا ہے اور انکشاف کیا ہے کہ انہی رقوم سے جائیدادیں اور گاڑیاں خریدیں۔

Leave a reply