سندھ حکومت نےکچے کے ڈاکوؤں کےلیے سرینڈر پالیسی جاری کر دی

کراچی: حکومتِ سندھ نے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے لیے سرینڈر (ہتھیار ڈالنے) کی پالیسی جاری کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق یہ پالیسی عام معافی نہیں، بلکہ جو لوگ ہتھیار ڈالیں گے یا گرفتاری دیں گے، انہیں قانون کے مطابق مقدمات کا سامنا کرنا ہو گا۔
اعلامیے کے مطابق:
ہتھیار ڈالنے والوں سے اسلحہ اور بارود برآمد کیا جائے گا۔
ان کے اہلخانہ کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔
سرینڈر کرنے والوں کو فنی تربیت اور روزگار فراہم کیا جائے گا۔
کچے کے علاقوں میں تعلیم، صحت اور فلاحی سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
بند اسکول اور ڈسپنسریاں مرحلہ وار دوبارہ کھولی جائیں گی۔
پالیسی پر عملدرآمد کے لیے مانیٹرنگ کمیٹیاں اور محکمہ داخلہ میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔ ہر ماہ پالیسی کا جائزہ لیا جائے گا اور ضرورت کے مطابق تبدیلیاں کی جائیں گی۔
سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد امن قائم کرنا اور کچے کے علاقوں کو ترقی دینا ہے۔








