
پاکستان نے امریکی کمپنیوں کو توانائی، معدنیات، زراعت اور آئی ٹی میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی
واشنگٹن میں پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی حکام سے ملاقاتوں کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے امریکی معاون وزیر خزانہ رابرٹ کیپ روتھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کی معاشی بہتری اور ورچوئل اثاثوں سے متعلق حالیہ قانون سازی سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے توانائی، معدنیات، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں امریکی کمپنیوں کے لیے مواقع کو اجاگر کیا اور دوطرفہ ٹیرف معاہدوں پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دولت مشترکہ وزرائے خزانہ اجلاس سے خطاب میں محمد اورنگزیب نے موسمیاتی فنانسنگ کی اہمیت اور ’لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ‘ کو مؤثر انداز میں فعال کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر سلیمان الجاسر سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں موٹروے چھ کے دو حصوں کی فنانسنگ پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیو کے خاتمے اور تیل کی فراہمی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر خزانہ نے بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ریجنل نائب صدر اور سٹی بینک کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کیں، جب کہ یو ایس پاکستان بزنس کونسل کی تقریب میں بھی شرکت کی۔








