شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، درجنوں افراد جاں بحق

نیپال میں حالیہ شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جہاں مختلف علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے واقعات کے باعث متعدد اموات اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا ہے۔
مقامی حکام کے مطابق ملک کے مشرقی ضلع الام میں لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ 9 افراد اب بھی لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ علاوہ ازیں، مختلف مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے تین ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔
شدید بارشوں کے باعث سڑکیں اور پل بھی متاثر ہوئے ہیں، جس سے آمدورفت میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔ دارالحکومت کھٹمنڈو کے ایئرپورٹ حکام کے مطابق اندرونِ ملک پروازیں متاثر ہوئیں، تاہم بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔
ادھر پڑوسی ملک بھارت کے علاقے دارجیلنگ میں بھی موسلادھار بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جہاں سات افراد جان کی بازی ہار گئے۔ مقامی حکام کے مطابق مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب، نیپال کے جنوب مشرقی حصے میں دریائے کوشی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو چکی ہے۔ یہ دریا ہر سال مانسون کے دوران بھارت کی ریاست بہار میں بھی سیلابی صورتحال کا باعث بنتا ہے۔
حکام نے عوام کو محتاط رہنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔









