اب ایک ویزے پر چھ خلیجی ممالک کا سفر ممکن

خلیجی ممالک کے اتحاد خلیج تعاون کونسل نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایک نیا مشترکہ سیاحتی ویزا متعارف کرایا جائے گا، جس کے ذریعے سیاح ایک ہی ویزے پر چھ خلیجی ممالک — متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت، قطر، بحرین اور عمان — کا سفر کر سکیں گے۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدوائی کے مطابق یہ منصوبہ اپنے آخری مراحل میں ہے اور 2025 کے آخر تک اسے آزمائشی بنیادوں پر شروع کر دیا جائے گا۔ اس نئے سسٹم کے تحت ویزے کے لیے درخواستیں ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے دی جا سکیں گی۔
اس اقدام کا مقصد نہ صرف سیاحت کو فروغ دینا ہے بلکہ کاروبار، ثقافت، تحقیق اور دیگر شعبوں میں بھی آسانی فراہم کرنا ہے۔ ویزے کی مدت 30 سے 90 دن کے درمیان ہو سکتی ہے، جس سے خطے میں آنے والے غیر ملکیوں اور مقامی شہریوں کو یکساں فائدہ ہوگا۔
ایک ہی ویزے پر چھ ممالک کا سفر ممکن ہونے سے وقت اور اخراجات دونوں کی بچت ہوگی، جبکہ خطے کی معیشت کو بھی نئی جہت ملے گی۔









