
ایلون مسک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس “اسٹار لنک” ایک بار پھر فنی خرابی کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث صارفین کو انٹرنیٹ کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کے روز اسٹار لنک نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ ایک پیغام میں سروس میں تعطل کی تصدیق کی ہے۔ تاہم کمپنی کی جانب سے اس خرابی کی وجوہات پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
آن لائن سروس مانیٹرنگ پلیٹ فارم “ڈاؤن ڈیٹیکٹر” کے مطابق، صرف امریکہ میں اسٹار لنک کے تقریباً 43 ہزار صارفین اس بندش سے متاثر ہوئے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسٹار لنک کو اس طرح کی تکنیکی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ اس سے قبل جولائی 2025 میں بھی ایک بڑے فنی خلل کے باعث ہزاروں صارفین کو سروس میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد کمپنی اور ایلون مسک نے متاثرہ صارفین سے معذرت کی تھی۔
اس حالیہ بندش نے ایک بار پھر سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی پائیداری اور بھروسے پر سوالات اٹھا دیے ہیں، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں روایتی انٹرنیٹ سہولتیں دستیاب نہیں ہیں اور صارفین مکمل طور پر اسٹار لنک پر انحصار کرتے ہیں۔









