چین و بھارت پر مزید پابندیاں، امریکہ نے یورپی اتحادیوں سے تعاون مانگ لیا

امریکی صدر نے یورپی یونین کے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ چین اور بھارت سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 100 فیصد ٹیرف عائد کریں۔ یہ مطالبہ ایک اعلیٰ سطحی ملاقات کے دوران سامنے آیا جس میں امریکی اور یورپی حکام شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے اس ملاقات میں واضح کیا کہ امریکا بھارت اور چین پر مزید سخت معاشی اقدامات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ یورپی ممالک بھی اس پالیسی میں امریکا کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا، “ہم اس اقدام کے لیے تیار ہیں، لیکن تب ہی آگے بڑھیں گے جب ہمارے یورپی اتحادی بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔”
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب چین اور بھارت روسی تیل کے بڑے خریداروں میں شامل ہیں، جبکہ امریکا اس معاملے پر پہلے ہی اپنے تحفظات کا اظہار کر چکا ہے۔
یاد رہے کہ امریکا پہلے ہی بھارت پر 50 فیصد اور چین پر 30 فیصد ٹیرف عائد کر چکا ہے، جس کی بڑی وجہ دونوں ممالک کا روس سے تجارتی تعلقات جاری رکھنا ہے۔









