ایرانی سرحد پر فائرنگ، غیر قانونی طور پر بارڈر کراس کرنے والے 6 افغان شہری ہلاک

ایران اور افغانستان کی سرحد پر ایک افسوسناک واقعے میں ایرانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 6 افغان شہری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متعدد افغان شہری غیر قانونی طور پر ایرانی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
انسانی حقوق کی ایک تنظیم کی رپورٹ کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب درجنوں افغان تارکین وطن نے ایران کے صوبہ سیستان میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی فورسز نے سرحد کے قریب موجود تقریباً 120 افراد پر گولیاں چلائیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ اس دوران کم از کم 40 افغان شہریوں کو حراست میں بھی لیا گیا۔
تاحال ایرانی یا افغان حکومت کی جانب سے واقعے پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ایسے واقعات پیش آئے ہوں۔ گزشتہ برس بھی ایرانی سرحدی علاقوں میں سیکڑوں افغان شہریوں پر فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر قانونی امیگریشن اور سرحدی خلاف ورزیوں سے متعلق قوانین دنیا بھر میں سخت ہیں، تاہم انسانی جانوں کے تحفظ کو ہمیشہ اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔









