“دہشتگردی میں افغان سرزمین کا استعمال افسوسناک ہے: وزیر دفاع”

0
133
"دہشتگردی میں افغان سرزمین کا استعمال افسوسناک ہے: وزیر دفاع"

وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے میجر عدنان اسلم کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین پر افغان شہری معاشی فوائد حاصل کر رہے ہیں، لیکن افسوس کہ دہشتگردی کے واقعات میں ملوث افراد کی بڑی تعداد کا تعلق افغان سرزمین سے ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ حملے میں 5 دہشتگرد مارے گئے، جن میں سے 3 کا تعلق افغانستان سے تھا جبکہ 2 کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے بتایا جا رہا ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کے لیے دو بڑی جنگوں میں قربانیاں دیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف ملک کا امن متاثر ہوا بلکہ معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ لاکھوں افغان شہری پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور یہاں روزگار حاصل کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود دہشتگردی کے واقعات میں افغان سرزمین کا استعمال تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگرد عناصر معصوم شہریوں اور سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔

Leave a reply